ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مودی اور دیگربی جے پی رہنما کرناٹک کے عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں: سدارامیا

مودی اور دیگربی جے پی رہنما کرناٹک کے عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں: سدارامیا

Tue, 28 Feb 2023 11:10:07    S.O. News Service

بنگلورو، 28/فروری(ایس او نیوز) وزیر اعظم نریندرمودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ ملک کے مسائل پر توجہ دینے کی ذمہ داری نبھانے کی بجائے بی جے پی کے الیکشن ایجنٹ کا کام کرتے پھر رہے ہیں۔ کرناٹک کے عوام کو خشک سالی، سیلاب، کورونا جیسی سنگین آزمائشوں میں مدد کرنے کی بجائے کرناٹک کے عوام سے ٹیکس کی شکل میں سالانہ جو لاکھوں کروڑ روپے کی رقم لی جاتی ہے اس کا استعمال بی جے پی اپنی انتخابی تشہیر کے لئے کر رہی ہے۔ یہ بات سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کہی۔

انہوں نے کہا کہ ہر بار جب مودی کرناٹک آتے ہیں توان سے کانگریس پارٹی کی طرف سے سوال کیا جا رہا ہے کہ کرناٹک کے عوام سے جو ٹیکس کی رقم لی جاتی ہے اس میں ریاست کا حصہ جلد از جلد فراہم کیا جائے تاکہ ریاست کے عوام کو درپیش مسائل کو سلجھایا جا سکے۔ لیکن مودی نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کرناٹک سے 4.37لاکھ کروڑ روپے کا ٹیکس لیتی ہے اور اس میں سے کرناٹک کومحض 37ہزار کروڑروپے دئیے جاتے ہیں۔

سدارامیا نے کہا کہ دہلی میں کرناٹک بھون کی پلاٹینم جوبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے یہ جھوٹ بولا کہ ان کی حکومت نے کرناٹک کے لئے کافی سارا فنڈ دیاہے۔ مودی نے دعویٰ کیا ہے کہ مرکزی حکومت نے کرناٹک میں ریلویز، شاہراہوں کی ترقی کے لئے فنڈ مہیا کروایا ہے، حقیقت یہ ہے کہ سابقہ یو پی اے حکومت کے دور میں جومنصوبے بنگلورو اور کرناٹک کے لئے بنائے گئے ان کا افتتاح کیاگیا۔

سدارامیا نے کہا کہ مودی ملک اور دنیا بھر میں جس طرح جھوٹ بول کرلوگوں کو گمراہ کرتے آئے ہیں، کرناٹک میں ان کا جھوٹ چلنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ2005سے 2014تک یو پی اے حکومت نے کرناٹک میں ریلویز کی ترقی کے لئے 2334کروڑر ورپے فراہم کئے تھے جبکہ مودی حکومت نے گزشہ 9سالوں کے دوران محض 1479 کروڑروپے کی رقم دی ہے۔کرناٹک میں ریلوے کے 18 پراجیکٹس زیر التوا ہیں جن کی تکمیل کے لئے 15ہزار کروڑ رو پے کی رقم درکار ہے۔ ان میں ٹمکور، رائے درگ، ٹمکور۔ داونگیرے روٹس بھی شامل ہیں۔

منموہن سنگھ کے دوراقتدار میں ان منصو بوں کے لئے مناسب فنڈس جاری کئے گئے۔ چونکہ اس سال کرناٹک میں انتخابات ہونے جا رہے ہیں اس لئے مرکزی حکومت نے تھوڑی بہت رقم دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے سبھی رہنما بشمول مودی کرناٹک کے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن یہ اتنا آسان نہیں ہے -


Share: